بھٹکل:7/مئی (ایس اؤنیوز)تعلیمی اسناد کی تقسیم کاری کو لے کر جو اسناد تقسیم پروگرام منعقد کیا جاتاہے وہ طلبا کی زندگی میں ایک عید اور تہوار کی حیثیت رکھتاہے۔ ان خیالات کا اظہار وشویشوریاٹکنیکل یونیورسٹی بیلگام کے ڈاکٹر آنند وی شیوپور نے کیا۔
وہ یہاں انجمن انسٹی ٹیوٹ آف انجنئیرنگ اینڈ مینجمنٹ بھٹکل کے گریجویشن ڈے کے پروگرام میں مہمان خصوصی کے طورپرطلبا سے مخاطب تھے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر آنند نے طلبا سے کہاکہ ابھی تک آپ طلبا تھے مگر آج سے آپ طلبہ نہیں رہے، ہم جیسوں کے برابر ہوگئے، میں ابھی آپ کو اپنا دوست کہہ سکتا ہوں۔ آپ پر ابھی ایک سماجی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، آپ لوگوں نے یہاں جو کچھ سیکھا ہے سماج کی بہتری کے لئے اس کو استعمال میں لانا ہوگا۔ ملک و قوم کی خدمت کرتے ہوئے نہ صرف اپنے والدین، بلکہ اس ادارے کا نام روشن کرنا ہوگا۔ بحیثیت ایک انجنئیر کے آپ پر ذمہ داری اہم ہوتی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ اپنی منزل کو پانا جتنا آسان لگتا ہے یہ اتنا آسان نہیں ہے، مگر آپ کو آگے بڑھنا ہے ، آپ کی راہ میں کئی رکاوٹیں آئیں گی لیکن ان کاسینہ تان کر سامنا کرنا ہے اور اپنی منزل کو پا کر ہی دم لینا ہے۔
پروگرام میں جماعت المسلمین بھٹکل کے سابق صدر عبدالرحمن جان محتشم نے خطاب کرتے ہوئے تمام گریجوئٹ طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور نصیحت کی کہ آپ کو ابھی تعلیمی زندگی سے نکلنے کے بعد سماجی زندگی میں قدم رکھتے ہوئے سماج کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے۔ جلسہ کی صدار ت انجمن کے صدر عبدالرحیم جوکاکو نے کی۔
جلسہ کا آغاز علی مرتضی ٰ کی تلاوت ِ قرآن سے ہوا۔ پرنسپال ڈاکٹر محمد مشتاق بھاوی کٹی نے استقبال کیا۔ ڈاکٹر اننت مورتی شاستری نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ پروفیسر شری دھر یلورکر نے شکریہ اداکیا۔ پروفیسر سبرامنیا بھاگوت ، پروفیسر مرزا نائک نے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا۔ ڈائس پر انجمن کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل ، کالج بورڈ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر اُدئیے پرسنا، نائب پرنسپال پروفیسر فال چندر ، پروفیسر ٹی این پی راج کمار، پروفیسر انیل کڈلے، پروفیسر زاہد کھروری ، ڈاکٹر کے فضل الرحمن وغیرہ موجود تھے۔ انجنئیرنگ کے مختلف شعبوں اور ایم بی اے میں کامیاب طلباو طالبات کو اس موقع پرسرٹی فیکٹ سے نوازا گیا۔